مائکرو سافٹ ورڈ میں اردو ڈاکیومنٹیشن سیکھیں (جاری ہے۔۔۔)
شہباز آئی ٹی اکیڈمی کی جانب سے ایک نیا کورس ’’مائکرو سافٹ ورڈ کے اندر اُردو ڈاکیومنٹیشن سیکھیں‘‘ کے عنوان سے شروع کیا جارہا ہے۔ اس کورس میں مائکرو سافٹ ورڈ کے اندر اُردو اور عربی ٹائپنگ اور فارمیٹنگ کے ہر ہر پہلو کو انتہائی ابتداء سے لے کر انتہا تک سیکھایا جائے گا ۔
اس سیریز کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ ، اساتذۂ کرام اور خاص کر ان لوگوں کو جو کہ کمپیوٹر پر اُردو اور عربی کتابت کی نشر و اشاعت کے شعبوں سے منسلک ہیں رہنمائی کی جائے تاکہ وہ اپنے کام میں مزید نکھار لاسکیں اور جدید طریقوں کو سیکھ کر کم وقت میں اپنے کام کو مزید بہتر اور اچھا بنا سکیں۔
کیونکہ ہماری قومی زبان اُردو ہے اسی وجہ سے ہمارا تعلق کسی بھی فیلڈ سے ہو ہمیں اس کی ضرورت تو پڑتی ہی ہے لہٰذا ہمیں اپنے بچوں کو اپنی نگرانی میں کمپیوٹر کی اتنی بنیادی تعلیم لازمی دینی چاہئے تاکہ وہ دورِحاضر کے اِن جدید علوم سے واقفیت حاصل کریں، اِن میں مہارت حاصل کریں اور اپنی عملی زندگی میں ان سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکیں۔ اس لئے میرا مشورہ ہے کہ آپ اپنے بچوں کو بھی شوق دلا کر اس کورس کو سیکھنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ کمپیوٹر پر انگریزی کے ساتھ ساتھ اُردو کے کاموں کو پوری مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں اور آگے اپنی کالج اور یونیورسٹی کی پڑھائی اور پھر عملی زندگی میں نہ صرف اس سے خود فائدہ اُٹھا سکیں بلکہ دوسروں کی رہنمائی کا بھی سبب بن سکیں۔
اسی طرح اُردو، عربی اور اسلامیات کے اساتذہ ٔ کرام اور طلبہ اس سے بھر پور فائدہ اُٹھا سکتے ہیں اور اپنے نوٹس ،پریزنٹیشنز ، تھیسز کے علاوہ بھی بہت سے کام کرکے اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
جو لوگ بھی اُردو یا عربی کا کام انتہائی پیشہ ورانہ طور پر کرنا چاہتے ہیں وہ اس کورس میں کو لازمی شرکت کریں اور جو لوگ پہلے سے اِن پیج میں اردو یا عربی کا کام کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اپنے کام کو مزید آسانی کے ساتھ کم وقت میں پیشہ ورانہ طور پر کرسکیں تو وہ بھی اس کورس میں شرکت کرسکتے ہیں ۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کہ اِن پیج سوفٹ ویئر نے ایک عرصۂ دراز تک اُردو اور عربی کی نشر و اشاعت میں ایک قلیدی کردار ادا کیا ہے اور ابھی بھی کررہا ہے لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ اہمیت کی حامل ہے کہ اِن پیج میں اتنی جدت اور اتنی سہولت ابھی تک نہیں آسکیں جتنی کہ مائیکروسافٹ آفس کے پروگرام مائیکرو سافٹ ورڈ میں موجود ہے اور اِن پیج میں کام کرنے والے حضرات اس بات سے باخوبی آگاہ ہیں۔ جو لوگ اِن پیج میں زیادہ مہارت نہیں رکھتے وہ تو اکثر ہی اِن پیج میں مشکلات کا سامنا کرتے رہتے ہیں لیکن جو مہارت بھی رکھتے ہیں وہ بھی اِن مشکلات سے بچ نہیں سکتے اور بہت سے مسائل اگرچہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے حل بھی کرلیں تب بھی اُن کے لئے اِن پیج میں کام بہت ہی وقت طلب اور پریشان کُن ہوتا ہے ۔
میں نے تقریباً دس(10) سال سے زیادہ اِن پیج میں کام کیا ہے اور میں اس پروگرام میں کام کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے کافی حد تک آگاہ ہوں۔ اسی لئے میں آج کے دور میں اِن پیج کے بجائے مائکروسافٹ ورڈ کو ترجیح دوں گا اور سب کو بھی مشورہ دوں گا کہ وہ بھی اپنے کام کو آہستہ آہستہ مائیکروسافٹ ورڈ میں منتقل کرلیں کیونکہ مائیکرو سافٹ ورڈ میں وہ تمام کام کئے جاسکتے ہیں جو کہ اِن پیج میں ہم کرتے ہیں بلکہ بہت سے کام تو ایسے ہیں جو کہ اِن پیج سے بھی بہت بہتر کرسکتے ہیں اور یہی آج کے ضرورت بھی ہے۔
لہٰذا میری کوشش یہ ہے کہ لوگوں کو جدید طریقہ سے اُردو اور عربی کےٹائپنگ ، فارمیٹنگ اور کتابت سکھائی جائے تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے کام کو کرسکیں۔
اس وڈیو میں جو بھی بنیادی باتیں بتائی گئی ہیں اُن کو ایک بار اچھی طرح سے سمجھ لیں تاکہ آگے کے کے اسباق میں کوئی دقت نہ ہو۔
اِن وڈیوز کو اپنے بچوں ،شاگردوں ، دوستوں ، اپنے ساتھ کام کرنے والوں اور ایسے لوگوں کے ساتھ جن کو آپ جانتے ہیں کہ وہ بھی اُردو اور عربی کی نشر و اشاعت کے کام سے منسلک ہیں لازمی شیئر کریں تاکہ تمام لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔
0 Comments